ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا بنیادی مرکز صحت بن باجوہ کا دورہ، غیر حاضر عملہ کی محکمانہ انکوائری کا حکم

منگل 9 اپریل 2024 13:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے تحصیل پسرور کے موضع بن باجوہ کے بنیادی مرکز صحت کا اچانک دورہ کیا، اس دوران ڈسپنسر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے علاوہ میڈیکل آفیسر سمیت پورا عملہ ڈیوٹی سے غائب پایا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیوٹی سے غائب میڈیکل آفیسر سمیت عملہ کی محکمانہ انکوائری اور سخت ڈسپلنری کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین منگل کو تحصیل پسرور کے دورہ کے دوران ماڈل ویلج بن باجوہ کے سرپرائز دورہ کے دوران بنیادی مرکز صحت کا معائنہ کرنے پہنچے تو صرف ڈسپنسر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈیوٹی پر موجود پایا جبکہ و یمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیبہ اقبال سمیت پورا عملہ ڈیوٹی سے غائب پایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پسرور کو ہدایت کی کہ معاملہ کی انکوائری کریں اور ذمہ داروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے اور رپورٹ پیش کریں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو اٹھانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بن باجوہ کو ماڈل ویلج بنا دیا ہے، یہاں پر صفائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ کوڑا کرکٹ کیلئے 50 کوڑا دان رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر موجود اے سی پسرور قمر منج اور ڈی ڈی ایل جی سمیت متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ دیہات میں صفائی مہم میں یونین کونسل کوقیادت کرنا ہوگی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور کا دورہ کے دوران ہسپتال کی ایمرجنسی، او پی ڈی، فارمیسی اور وارڈز کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فارمیسی میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور کے دفاتر کا دورہ کیا اور ریونیو افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریونیو کی محصولات اور زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر واجبات کے حصول کیلئے دیئے کے اہداف کو مقررہ مدت کے اندر حاصل کیا جائے۔