میانوالی اور حب کو بھی وفاقی ٹیکس محتسب نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے، مہر کاشف یونس

منگل 9 اپریل 2024 14:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ میانوالی اور حب کے دور دراز علاقوں کو بھی وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ منگل کو یہاں کاروباری برادری کے ساتھ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسے دور دراز خطوں کو ایف ٹی او نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کر کے ایف بی آر سے متعلق ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

نیٹ ورک کی توسیع ٹیکس انتظام کو بہتر بنانے اور تمام ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کی مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں اور مرکزی ٹیکس اتھارٹی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے اس اقدام کا مقصد ٹیکس وصولی کے عمل میں شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنانا اور کارکردگی کو بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او نیٹ ورک تک رسائی سے حب اور میانوالی میں بھی ٹیکس دہندگان بدعنوانی سے متعلق اپنے خدشات اور شکایات کا باآسانی ازالہ کر سکیں گے۔

اس سے ٹیکس نظام کے اندر جوابدہی اور انصاف پسندی کے کلچر کو فروغ ملے گا اور ٹیکس دہندگان کے اندر اعتماد کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ملک کے تمام ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں میں ٹیکس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور ٹیکس دہندگان کے لیے یکساں ماحول کو فروغ دینے کے لئے ایف ٹی او ڈاکٹر آصف محمود جاہ کے عزم کی مظہر ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک بھر میں 2156 ٹیکس دہندگان کی شکایات کا فیصلہ کیا گیا جو کہ پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او ٹیکس دہندگان سے ایک فون کال کے فاصلے پر ہے اور کوئی بھی ٹیکس دہندہ اپنی شکایت کے فوری کارروائی کے لیے قریبی علاقائی ایف ٹی او دفتر سے رجوع کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :