وہاب ریاض نے حارث رؤف کی انجری کی اپ ڈیٹ فراہم کردی

پیسر رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے محروم رہیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 اپریل 2024 14:57

وہاب ریاض نے حارث رؤف کی انجری کی اپ ڈیٹ فراہم کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اپریل 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ وہاب ریاض نے منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کی اپ ڈیٹ فراہم کی۔ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ حارث رؤف "شاید انگلینڈ سیریز کے لیے فٹ ہوں گے" لیکن وہ اس ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں سے محروم رہیں گے۔

حارث رؤف کو حال ہی میں ختم ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو کے دوران کندھے کی انجری ہوئی تھی، جہاں وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم جنہوں نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا تھا، نے 18 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں واپسی کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء عرفان خان اور عثمان خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو میں شاندار پرفارمنس کے بعد سلیکٹرز کی منظوری مل گئی ہے۔ اسکواڈ کی قیادت سٹار بلے باز بابر اعظم کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم ( کپتان ) ، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان ، عرفان خان نیازی، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر، فخرزمان اور ابرار احمد شامل ہیں ۔ ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔