Live Updates

حکومت پنجاب کا تمام تاریخی مقامات عید کی چھٹیوں میں کھلے رکھنےکا اعلان

شہری عید کی چھٹیوں کے دوران تاریخی مقامات کی سیر کرسکتے ہیں، سیر کیلئے آنے والوں کی سہولت کیلئے ضروری انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ڈی جی آرکیالوجی پنجاب کے احکامات جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اپریل 2024 18:45

حکومت پنجاب کا تمام تاریخی مقامات عید کی چھٹیوں میں کھلے رکھنےکا اعلان
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اپریل 2024ء) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے صوبہ بھر کے تاریخی مقامات عید کی چھٹیوں میں کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب ظہیر عباس ملک کی طرف سے باضابطہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عید کی چھٹیوں کے دوران تاریخی مقامات کی سیر کرسکتے ہیں۔

ڈی جی آرکیالوجی نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے سیر کے لئے آنے والوں کی سہولت کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے مزید ہدایت کی ہے کہ چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

نمازعید کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔چاند رات اور عیدالفطر پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پولیس حکام کو حکم دیا کہ  مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سینئر پولیس آفیسر چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ  امن عامہ کیلئے پولیس کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیئے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 51 ایگریکلچرفیئرپرائس شاپ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ایگریکلچرڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر 13معیاری اشیائے ضروریہ کی بازار کی نسبت 25 فیصد کم قیمت پر فراہم کی گئیں جن میں آلو، پیاز، ٹماٹر، کیلے، دال چنا، بیسن، لہسن، کدو، لیموں، سیب، کھجوروں، خربوزے اور امرود شامل ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سبسڈی کی مد میں 72کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے، ایک کروڑ 27لاکھ کلو گرام اشیائے ضروریہ فروخت کی گئیں جبکہ 32لاکھ سے زائد خریدار مستفید ہوئے۔ عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ2ارب روپے سے زائد مالیت کی اشیائے ضروریہ کی معیاری و مقدار میں پوری خریدو فروخت ہوئیں۔رمضان بازاروں میں ہر سطح پر سخت نگرانی کا موثر نظام  جبکہ خواتین اور بزرگوں کیلئے علیحدہ سے کاؤنٹرز قائم کیے گئے تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات