سینیٹ میں خیبر پختونخوا سے ہمیں پوری سیٹیں ملنی چاہئیں،بیرسٹر سیف

پی ٹی آئی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا رویہ متعصبانہ ہے،ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں، گزشتہ کچھ عرصہ سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کیساتھ دشمنی کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 12 اپریل 2024 14:25

سینیٹ میں خیبر پختونخوا سے ہمیں پوری سیٹیں ملنی چاہئیں،بیرسٹر سیف
پشاور(اردو پوائنٹ  اخبار تازہ ترین-   12اپریل  2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں خیبر پختونخوا سے ہمیں پوری سیٹیں ملنی چاہئیں،پی ٹی آئی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا رویہ متعصبانہ ہے،ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کیساتھ دشمنی کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی مخالف مہم جاری ہے،  پی ٹی آئی کو ایک مہم کے تحت سیاسی عمل سے باہر کیا جا رہا ہے۔

سینیٹ میں خیبر پختونخوا سے پوری سیٹیں ملنا ہمارا حق ہے۔الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ سیکشن 104 کی خلاف ورزی کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر ہمیں الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر تحفظات ہیں،الیکشن کمیشن کے پاس آئین کی غلط تشریح کا اختیار نہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے غیر آئینی اور غیر قانونی فیصلوں کی وجہ سے سینیٹ الیکشن متنازعہ ہوا، الیکشن کمیشن کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کا معاملہ پیدا ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر کو ایک منٹ بھی اس عہدے پر نہیں رہنا چاہیے۔ہم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ وزارت عظمیٰ کے الیکشن سے پہلے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ کرے، آرٹیکل 51 کے مطابق جتنی سیٹیں جیتی ہوں اس کے مطابق مخصوص نشستیں ملیں گی، آئین کے مطابق اگر آزاد امیدوار کسی جماعت میں شامل ہوں تو اس جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔الیکشن کمیشن کی نہ نیت درست ہے اور نہ فیصلہ درست ہے، امید ہے کہ اعلی عدالتوں سے ہمیں ریلیف ملے گا، سپریم کورٹ جانے کا بھی حق رکھتے ہیں۔ مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور قانون کے خلاف  تھا۔