نئے سرے سے ترقی کی شروعات کی ہیں، بہت جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی

گزشتہ 5 سالوں میں ملک 50 سال پیچھے چلا گیا، عوام سے وعدہ کرتا ہوں مافیازسے قوم کو نجات دلائیں گے، وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندرحیات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 اپریل 2024 18:49

نئے سرے سے ترقی کی شروعات کی ہیں، بہت جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اپریل 2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ نئے سرے سے ترقی کی شروعات کی ہیں، بہت جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، گزشتہ 5 سالوں میں ملک 50 سال پیچھے چلا گیا، عوام سے وعدہ کرتا ہوں مافیازسے قوم کو نجات دلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے عید کے تینوں دن عوامی وفود سے ملاقاتوں، عوامی مسائل سے آگاہی اور مختلف پراجیکٹس کے دورہ جات میں گزارے۔

رانا سکندر حیات نے پھولنگر اور گرد و نواح میں حکومتی مہم کے تحت گلیوں محلوں کی صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہیں صفائی یقینی رکھنے میں حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے قصور، پتوکی، سرائے مغل اور پھولنگر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کیا بالخصوص مختلف منصوبہ جات کے ری ویمپنگ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رانا سکندر حیات نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ملک کو 50 سال پیچھے لے گیا۔ ہم نے نئے سرے سے شروعات کی ہیں۔ بہت جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی اور ریلیف عوام آدمی تک پہنچنے گا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ ہمیں مسائل کا ادراک ہے۔

استقامت کے ساتھ مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ تمام مافیاز بالخصوص تعلیم فروش مافیا سے اس قوم کو نجات دلائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی کسانوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے باردانہ بروقت اور ضرورت کے مطابق مقدار میں میسر ہونے جبکہ گندم سرکاری ریٹ پر فروخت کی یقین دہانی بھی کروائی۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت مڈل مین کا کردار ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کسانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت تمام آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کیلئے ہنگامی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ جلد صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع حاصل ہوں گے۔