نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی

سیریز کے پہلے تین ٹی 20 میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جب کہ آخری دو میچ 25 اور 27 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اپریل 2024 10:30

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل 2024ء ) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کا یہ دورہ 14 سے 28 اپریل تک 14 روز پر مشتمل ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے تین ٹی 20 میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری دو میچ 25 اور 27 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے 2 اہم کھلاڑی فن ایلن اور ایڈم ملنے پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فن ایلن اور ایڈم ملنے کو ٹریننگ کے دوران انجری کا سامنا ہوا ہے، فن ایلن کمر اور ایڈم ملنے ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے پر پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے، وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل اور آل راونڈر زیک فاولکس کو ان کی جگہ پاکستان آنے کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ، زیک فولکس پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بن رہے ہیں جب کہ ٹام بلنڈل نے گزشتہ برس بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، کیوی کوچ گیری اسٹینڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کا اان فٹ ہونا بدقسمتی کی بات ہے، دونوں کرکٹرز گزشتہ ورلڈ کپ سے ہمارے لیے ٹی 20 میں اچھے پرفارمرز رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی ہوم سیریز کے لیے 11 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، قومی سکواڈ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان پر مشتمل ہوگی جب کہ نان پلیئنگ کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا شامل ہیں۔