ٴْایران کا اسرائیل پر کامیاب حملہ، امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں: علامہ سبطین سبزواری

uاسلامی جمہوری ایران اسلام کا اصل چہرہ اور غیرت مند ملک ہے / مشرکین،منافقین اور کفار کو بتا دیا ہے کہ غیور مسلمان زندہ ہیں، امریکی اسرائیلی اور برطانوی چالیں ناکام ہو ں گی اب بہت جلد غزہ کے مظلوم مسلمان فتحیاب اور اسرائیل تباہ و برباد ہوگا،جامعہ النجف میں علماء سے گفتگو

اتوار 14 اپریل 2024 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدرسبزواری نے ایران کے اسرائیل پر کامیاب حملے پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران اسلام کا اصل چہرہ اور غیرت مند ملک ہے۔ اس نے مشرکین،منافقین اور کفار کو بتا دیا ہے کہ غیور مسلمان زندہ ہیں۔ انشاء اللہ امریکی اسرائیلی اور برطانوی چالیں ناکام ہو ں گی، اب بہت جلد غزہ کے مظلوم مسلمان فتحیاب اور اسرائیل تباہ و برباد ہو گا۔

(جاری ہے)

جامعہ النجف میں علماء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں، یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کو حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مسلمانوں کی دعائیں ہیں۔ اب امت مسلمہ کو چاہیے کہ ایران کا ساتھ دیں۔ مسلمان حکمران بزدلی اور غلامی کی زندگی چھوڑ کر اسلامی غیرت وحمیت کا مظاہرہ کریں اور ایران کے قدم سے قدم ملا کر چلیں۔ یہ شرعی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بہت جلد شاعر مشرق علامہ اقبال کی فکر اور پیشین گوئی کے مطابق ایران عالم مشرق کا جنیوا بنے گا جس کا آغاز امام خمینیؒ کی قیادت میں1979ء میں رونما ہونے والے اسلامی انقلاب کی شکل میں ہو چکا ہے۔