پاکستان ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ سیریز میں آسٹریلیا کی کلیر پولوساک امپائرنگ کے فرائض نبھائیں گی

پیر 15 اپریل 2024 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) آسٹریلیا کی کلیر پولوساک 18 اپریل سے 3 مئی تک کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان وائٹ بال کے تمام 8 میچوں میں آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گی۔ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے، اس کے علاوہ 5 ٹی ٹونٹی بھی دورے میں شامل ہیں ۔

یہ تمام 8 میچز نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز میں سابق ٹیسٹ بیٹسمین اور پی سی بی اور آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری علی نقوی پلے انگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ پی سی بی اور آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری میں شامل محمد جاوید ٹی ٹونٹی سیریز میں پلے انگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

کلیر پولوساک کے ساتھ عبدالمقیت، عمران جاوید اور ناصر حسین جو پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں ون ڈے سیریز کے دوران آن فیلڈ امپائرز کے طور پر کام کریں گے۔

پی سی بی ویمنز پینل آف امپائرز میں شامل سلیمہ امتیاز اور حمیرا فرح ون ڈے سیریز کے لیے ریزرو امپائرز ہوں گی۔ 26 اپریل سے 3 مئی تک پانچ ٹی ٹونٹی میچز کے لیے کلیر پولوساک کے ساتھ فیصل آفریدی(پی سی بی اور آئی سی سی ایلیٹ پینل) ، فاروق علی خان اور طارق رشید شامل ہوں گے۔ فاروق علی خان اور طارق رشید پی سی بی ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں۔ عافیہ امین، حمیرا فرح اور سلیمہ امتیاز ٹی ٹونٹی سیریز میں ریزرو امپائر ہوں گی۔واضح رہے کہ دونوں خواتین ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل کو کھیلا جائے گا،جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق تین بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔