سپیکر قومی اسمبلی کا ملک کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہارافسوس

پیر 15 اپریل 2024 16:58

سپیکر قومی اسمبلی کا  ملک کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان، رحیم یار خان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کوقومی اسمبلی سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے تمام متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف سے متعلقہ ادارے اپنی کارروائیوں میں تیزی لائیں۔ سپیکر نے کہا کہ عوام ریلیف کے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ایک عالمی مسئلہ ہیں جن سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان کوماحولیاتی تبدیلیوں جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مشترکہ کوششوں سے ہیماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے بھی دعا کی۔