افغانستان کے 20صوبوں میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 33افراد ہلاک

زیادہ تر اموات بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے ہوئیں، افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ

پیر 15 اپریل 2024 19:04

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت 20صوبوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 33 افرا د ہلاک ہوگئے۔ افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق دارالحکومت کابل سمیت افغانستان کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مختلف حادثات میں اب تک 33افراد جاں بحق ہو چکے جبکہ 27افراد زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق پچھلے 3دنوں سے ہونے والی بارشوں میں زیادہ تر اموات چھتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ افغان حکام کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث تقریبا 600مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ اور 200سے زائد مویشی ہلاک ہوگئے، اس کے علاوہ تقریبا 85کلو میٹر سڑکیں بہہ گئیں اور تقریبا 2ہزار ایکٹر زرعی اراضی تباہ ہو گئی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں افغانستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔