روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے وزیر خوراک نے مختلف مارکیٹس میں چھاپے مارے

پیر 15 اپریل 2024 19:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پنجاب میں سستی روٹی کی فراہمی کا مشن، وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے سوموار کو فیلڈ میں مصروف دن گزارا۔ روٹی اور نان کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد نئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزیر خوراک نے شہر کے مختلف علاقوں میں مارکیٹس پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ساندہ، اسلام پورہ، راجگڑھ اور انارکلی کے علاقوں میں مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 8افراد موقع سے گرفتار کیے گئے اور پرچے درج کر کے دکانیں سیل کر دی گئیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر روز، صبح شام فیلڈ میں نکلوں گا اور کسی کو مہنگی روٹی نہیں بیچنے دیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 500روپے کمی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آٹے کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات عوام تک منتقل ہونے چاہئیں۔ انتظامیہ یقینی بنائے کہ تمام علاقوں میں روٹی 16روپے اور نان 20 روپے میں فروخت ہو۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ درست قیمت کیساتھ روٹی اور نان کا وزن بھی پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکانوں میں پرائس لسٹ واضح طور پر لازمی آویزاں ہونی چاہئے۔ وزیر خوراک نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دفاتر سے باہر نکلیں اور نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی، نان کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :