دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں، سعید بیگ

پیر 15 اپریل 2024 20:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے کہاہے کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ پر بس مسافروں کے اغوا کے بعد قتل کے اندوہناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے لرزہ خیز واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہاراور مقتولین کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے اس واقعہ کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کرتے ہیں۔

واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے۔ ان کا کہناتھاکہ مسافروں کا قتل غیر انسانی فعل اور ناقابل معافی جرم ہے، دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کے خلاف آپریشن وقت کی ضرورت ہے،فوری آپریشن کیاجائے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنی بہادر فوج پر پورا یقین اور بھروسہ ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے پوری قوم متحد ہے، دہشتگردوں کو نشان عبرت بنادیا جائے۔سعید احمدبیگ نے مزید کہاکہ افواج پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قوم کوسہارادیاہے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پاکستانی فوج پرعزم ہے اور پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔