کیسکو کی کارروائیاں، 587 مقدمات درج

منگل 16 اپریل 2024 18:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کی صوبہ بھرمیں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ا س سلسلے میں کیسکوکے زیر انتظام صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف ماہ ستمبرسے اب تک قانونی کارروائی کےلئے مختلف پولیس سٹیشنوں میں 5336تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جبکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 587ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔

اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران بجلی چوروں کومجموعی طورپرایک کروڑ 16لاکھ34ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن جرمانہ کی مد میں چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً59کروڑ73 لاکھ 20ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے 55کروڑ44 لاکھ 21ہزار روپے وصول کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نادہندگان سے روزانہ کی بنیاد پربجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی جاری ہے اوراس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک کیسکوٹیموں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کی مدمیں 2 لاکھ24ہزار891 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب 43کروڑ17لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کیسکو ٹیموں کی جانب سے صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپورکارروائیاں جاری ہیں، لہٰذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ذمہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں۔علاوہ ازیں تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجتناب کریں بصورت دیگر بجلی منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کے جرم میں انہیں جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔