این ڈی ایم اے اورآئی آر سی کے مابین آفات سے نمٹنے اور تیاری کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ طے پا گیا

منگل 16 اپریل 2024 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) آفات سے نمٹنے اورخطرات کے تدارک میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی نے 16 اپریل 2024 کومعاہدہ پر دستخط کیے گئے۔ آئی آر سی پاکستان کے دفتر میں ہونے والی تقریب کے دوران شبنم بلوچ، کنٹری ڈائریکٹر، آئی آر سی پاکستان اوررضا اقبال، این ڈی ایم اے معاہدہ پر دستخط کئے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی اس موقع پر موجودتھے۔یہ معاہدہ این ڈی ایم اے اور آئی آر سی کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم سند میل ثابت ہو گا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسی آپریش سینٹر نے اگلے 6 ماہ کے دوران متوقع خطرات اور ہنگامی صورتحال کے بارے میں ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دیا ہے۔

(جاری ہے)

قبل از وقت تیاری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام فلاحی اداروں کے لیے یہ اہم معلومات نہایت اہم ثابت ہوں گی جن کی بنیادتمام ادارے اپنے ریسپانس کوموئثر بنانے کے لیے موئثر تیاری اور حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنا سکیں گے کہ ضرورت کے وقت فوری اقدامات کر سکیں۔ چئیرمین این ڈی ا یم اے نے فلاحی اداروں کے سالانہ منصوبوں میں استحکام کو فروغ دینے کے حوالے سے پیشگی اقدامات شامل کرنے پر بھی زور دیا۔

این ڈی ایم اے اور آئی آر سی کے مشترکہ تعاون سے مقامی شمولیت کے ساتھ آفات کے خطرات میں تدارک، ہنگامی حالات کے لیے ٹول کٹ کی تیاری اور مشترکہ پیشگی کارروائیوں کے لیے لائحہ عمل کی تشکیل میں مدد ملے گی اس کے ساتھ ساتھ آفات سے نمٹنے کی تیاری کے حوالے سے کمیونٹیز، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور دیگر مقامی اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر مشاورت شامل ہے۔

یہ معاہدہ متعلقہ اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافے کے علاوہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے اقدامات کے لیے تکنیکی معاونت کے ذریعے ملٹی سیکٹرل ریسیلینس بلڈنگ کے اقدامات کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔پالیسی کی تشکیل کیلئے این ڈی ایم اے اور آئی آر سی تعلیمی ورکنگ گروپس کو تکنیکی مدد فراہم کرنے میں تعاون کریں گے جو ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تیاری، اورتحقیق کی مدد سے موجودہ پالیسی فریم ورک کا تجزیہ کرتے ہوئے اور ملٹی سیکٹرل کلائمیٹ ایڈاپٹیو کوششوں کے ساتھ ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کریں گے۔

دونوں ادارے قومی اور صوبائی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجربات کے تبادلے کے لیے مشترکہ اقدامات بھی کریں گے۔محترمہ شبنم بلوچ، کنٹری ڈائریکٹر، آئی آر سی پاکستان نے نئے تشکیل شدہ اشتراک کے لیے اپنے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان کے تناظر میں موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہم اہمیت پر زور دیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے اور کنٹری ڈائریکٹر آئی آر سی پاکستان نے فیصلہ سازی کے عمل میں متعلقہ ریاستی اداروں، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کی آوازوں پر مشتمل سہ فریقی شراکت داری کے ذریعے استحکام کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس اشتراک کے ذریعے این ڈی ایم اے اور آئی آر سی تجربات، وسائل اور تکنیکی مہارت کے تبادلے، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے اثرات سے نمٹنے کی کوششوں کیلئے پرعزم ہیں۔ مشترکہ کوششوں کا مقصد پاکستان میں مستحکم معاشرے کو فروغ دینا ہے، جو مستقبل کے مسائل کے لیے بہتر تیاری اور ریسپانس کے طریقہ کار کو یقینی بناتا ہے۔

متعلقہ عنوان :