پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی عوام پر قیامت ڈھا رہی ہے،ثروت اعجاز قادری

منگل 16 اپریل 2024 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) صدر پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی عوام پر قیامت ڈھا رہی ہے۔غریب اور متوسط طبقے کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اشیائے خرد و نوش ادویات اور ضرورت زندگی کی تمام چیزوں پر قیمتیں خود بخود بڑھ جاتی ہیں۔

اگر حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے تو پھر منافہ خوروں کو لگام ڈالنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والی12سے 14گھنٹے محنت کرتے ہیں پھر بھی تین وقت کی روٹی میسر نہیں ہوتی۔ملک میں بے روزگاری بھی بڑھتی جا رہی ہے حکومت کو اس جانب بھی توجہ دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہیے مہنگائی کے تناسب سے تمام اداروں میں تنخواہوں کو بھی بڑھایا جائے۔

حکومت نے مزدور کی اجرت بڑھانے کے بڑے بڑے دعوے کیے مگرمزدور کی اجرت میں کہیں اضافہ نہیں ہوا۔متعلقہ محکموں کے ہوتے ہوئے اجرت بڑھانے کے نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد نہ کرنا بھی حکومت کی ناکامی میں شمار ہوگا۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے قبل ہی پبلک ٹرانسپورٹ کہ کرائے میں اضافہ ہو گیاتھا۔

اب جب قیمت بڑھی ہے تو پھر دوبارہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ریاست عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔حکومت کو چاہیے پیٹرولیم مصنوعات بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ایک بڑا ریلیف فراہم کرے۔ملک میں خوشحالی لانے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کہ اس وقت اشد ضرورت ہے۔بیرونی سرمایہ کار جب ملک میں انویسٹمنٹ کریں گے تو روزگار کے بھی مواقع بڑھ جائیں گے۔بے روزگاری پراسی طریقے سے قابو پایا جا سکتا ہے۔مگر حکومت کو اب صرف عوام اور ملک کے لیے سوچنا ہوگا۔