وزیر خوراک خیبرپختونخوا کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

خیبرپختونخوا کی حکومت فوڈ سکیورٹی کو بروقت یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

منگل 16 اپریل 2024 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں فوڈ سیکیورٹی کو بروقت یقینی بنانے کے لئے ترجیخی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار بھی لا رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لئے روٹی سستی کرنا جیسے عوام دوست اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک کے حوالے سے جاری منصوبوں پر پیش بارے پشاور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی، ڈائریکٹر فوڈ سمیت محکمہ خوراک کے دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس کو سیکرٹری فوڈ نے صوبے کو سالانہ درکار گندم کوٹہ اور اسکے پروکیورمنٹ کے طریقے کار سمیت دیگر منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے تفصیلی بریفننگ دی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ صوبے میں گندم کی پیداوار اور دیگر خوراکی مصنوعات کی پیداوار بڑھانے کے قلیل المدت اور طویل مدت منصوبوں پر کام کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھائی جائے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جاری ومجوزہ منصوبوں کا بنیادی مقصد صوبے کے عوام کو مستفید کروانا ہے، وزیر خوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو مد نظر رکھاجائے کیونکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر اور شفاف طریقے سے استعمال ہماری بنیادی ذمہ داری ہے مصنوعی مہنگائی کے تدراک کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی اور ملاوٹ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اس لئے متعلقہ افسران عوام کو ریلیف کی فراہمی کی غرض سے فیلڈ وزٹ بھی کریں، ظاہر شاہ طورو نے مزید کہا کہ ایک ٹیم کے طور پر صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں گے اس لئے محکمے کے ملازمین سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے پوری دیانتداری اور تندہی سے کام کریں، وزیر خوراک نے اجلاس کے شرکا پر زور دیا کہ محکمے کے منصوبوں میں مشکلات یا رکاوٹ پیش آنے کی صورت میں میرے نوٹس میں ضرور لائے، منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے اعلی سطح پر اقدامات اٹھائے جائینگے۔