پی ایم اے اورپی ایچ اے کے زیرِ اہتمام ورلڈ ہیموفیلیا ڈے منایا گیا

بدھ 17 اپریل 2024 18:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)اورپاکستان ہیلتھ اتھارٹی (پی ایچ اے)سرگودھا کے زیر ِاہتمام ورلڈ ہیموفیلیا ڈے منایا گیا۔ پی ایم اے سرگودھا کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فواد حسین اور پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر غلام حسین فیضی،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں آج ہیموفیلیا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

اس دن ہیمو فیلیا اور خون بہنے والی دیگر بیماریوں سے آگاہی دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر وائس نیوز رپورٹ کے مطابق ہیموفیلیا کا عالمی دن ہر سال 17 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ ہیموفیلیا خون کی ایک بیماری ہے جس میں انسان کا خون بہت زیادہ پتلا ہو جاتا ہے، اس مرض میں مبتلا شخص کو خراش لگنے پر بھی خون بہنا شروع ہو جاتا ہے جو آسانی سے نہیں رُکتا۔

(جاری ہے)

ہیموفیلیا عام طور پر موروثی بیماری ہوتی ہے یہ ایک غیر معمولی عارضہ ہے جس کی خصوصیت خون میں جمنے والے پروٹین کی کمی ہے جس کے نتیجے میں خون بہنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ہیموفیلیا اور خون کی بیماری میں مبتلا 75 فیصد افرادکومعلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کسی مرض میں مبتلا ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر،لیڈی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اورہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا بچوں اوران کے والدین کی بڑی تعداد میں موجود تھی۔