ایس ای سی پی نے فرنٹ رننگ کے الزام میں دو افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرا دیا

بدھ 17 اپریل 2024 19:25

ایس ای سی پی نے فرنٹ رننگ کے الزام میں دو افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے، سکیورٹیز ایکٹ، 2015 کے مطابق کی گئی تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر، ایک بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کار کے ساتھ مل کر حصص کی ٹریڈنگ کی فرنٹ رننگ میں ملوث دو افراد کے خلاف بنکوں کی خصوصی عدالت میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

ایس ای سی پی کی تحقیقاتی ٹیم نے ان افراد کی جانب سے یکم اکتوبر 2021 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران کی گئی ایکویٹی ٹریڈنگ کے ڈیٹا کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان انفرادی سرمایہ کاروں نے ایک ادارہ جاتی سرمایہ کار کے افسر کی ملی بھگت سے، اس ادارے کی جانب سے حصص کی خریداری کے آرڈر دینے سے پہلے حصص خریدے اور بعد ازاں ان حصص کو اس ادارہ جاتی سرمایہ کار کو ہی فروخت کر دیا۔

(جاری ہے)

ان انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے یہ مشق چند ماہ تک جاری رہی۔ اس مدت کے دوران ان انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے کی ٹریڈنگ کا کافی حصہ ادارہ جاتی سرمایہ کار کی طرف سے بطور کاؤنٹر پارٹی کی گئی تجارت سے مماثل ہے۔ اس مسلسل ٹریدنگ کے نتیجے میں ادارہ جاتی سرمایہ کار کو نقصان ہوا اور ان انفرادی سرمایہ کاروں کو فائدہ ہوا۔ علاوہ ازیں، اس بات کے پختہ ثبوت موجود ہیں کہ ادارہ جاتی سرمایہ کار کا سرمایہ کاری افسر ان انفرادی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملی بھگت کر رہا تھا۔ ایس ای سی پی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے کیپٹل مارکیٹ کے استحکام اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔