Live Updates

معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت ہائوسنگ اتھارٹی کا اجلاس، ہاؤسنگ سکیموں پر تفصیلی بریفنگ

بدھ 17 اپریل 2024 20:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت بروز بدھ پشاورمیں ہاؤسنگ اتھارٹی کا 37واں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری ڈاکٹر عنبر علی، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عمران خان وزیر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو جاری اور مکمل شدہ ہاؤسنگ سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملازئی ہائوسنگ سکیم، سفید سنگ روڈ نزد پیر بالا 2016 میں شروع کیا گیا ہے جس میں تمام ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور اس میں گھروں کی تعمیر جاری ہے جبکہ ہنگو ٹاؤن شپ کے لئے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں تا کہ ترقیاتی کام جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح میگا سٹی نوشہرہ جو کہ 2022 میں شروع ہوا ہے جو کہ کے پی ایچ اے اور پارٹنر لیف پرائیویٹ لمیٹڈ کی مشترکہ ہاؤسنگ سکیم ہے جبکہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کیلئے سکیورٹی سٹاف کے لئے سفارشات د ی گئی ہیں تا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ہاؤسنگ سکیموں اور سول سوسائٹیوں کو دور جدید کے اہم تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زوردیا گیا اور تجویز دی گئی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے آسان سرکاری ہاؤسنگ سکیموں کے مواقع پیدا کیے جائیں اور پرائیویٹ سوسائٹیوں کو بھی فروغ دینا ہوگا جو کہ پی ایچ اے کے زیر انتظام کام کر رہی ہیں کیونکہ اسی طرح ہی اس مسئلے کا حل ممکن ہو سکتا ہے۔

معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ نے کہا کہ جس طرح جلوزئی،ملازئی، ہنگو ہاؤسنگ سکیم سمیت اور بھی بہت سکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں اسی طرز پر کئی اور ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کرانی پڑیں گی تاکہ صوبے کی عوام کے لئے اپنے گھر کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں اور صوبے کے عوام کو معیاری رہن سہن مہیا ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف سرکاری سکیموں پر ہی اکتفا نہ کیا جائے بلکہ اس دھارے میں کے پی ایچ اے کے زیر انتظام پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی آگے آنے کے مواقع فراہم کئے جائیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دورجدید کے تقاضوں کو پور کیا جا سکے اورآنے والے وقت میں صوبے کو رہائشی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہاکہ جتنی بھی سرکاری ہائوسنگ سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں ان کے ملازمین کو بے روزگار نہ کیا جائے کیونکہ انہی ملازمین نے ان سکیموں کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ اجلاس میں معاون خصوصی نے ہاؤسنگ اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی کوبہتر بنانے پر زوردیا تا کہ عام آدمی اس سے مستفید ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :