ایس ای سی پی کی لسٹڈ کمپنیوں کو ادارے میں صنفی تنوع کا ڈیٹا سالانہ رپورٹ میں شائع کرنے کی ہدایت

بدھ 17 اپریل 2024 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے لسٹڈ کمپنیوں کو اپنی سالانہ رپورٹس میں ادارے کے صنفی تنوع اور ان کی تنخواہ کے فرق کی تفصیلات کمپنی کی سالانہ رپورٹ میں شائع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ ہدایت وزیراعظم کے خواتین کو بااختیار بنانے کے پیکیج 2024 کے تحت جاری کی گئی ہدایات کے مطابق ہے جس کا مقصد کارپوریٹ سیکٹر میں صنفی تنوع کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایس ای سی پی نے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ اس ہدایت کی تعمیل کو آسان بنانے کے لئےکمیشن نے اپنے اعدادو شمار اور صنفی تنخواہ کے فرق کی تفصیل کی فراہمی کے لئے ایک ٹیمپلیٹ یا فارمولہ بھی سرکلر میں شامل کیا ہے ۔ لسٹڈ کمپنیوں میں صنفی فرق کی رپورٹ کی تعمیل 30 جون 2024 کو یا اس کے بعد ختم ہونے والے مالی سال کے لئے لاگو ہے۔ایس ای سی پی کارپوریٹ سیکٹر میں صنفی مساوات اور تنوع کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ اس سرکلر کا اجراء کام کی جگہ پر مزید جامع اور مساوی ماحول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔