کراچی، ہائیکورٹ میں سمن آباد کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے شہری کی گھر واپسی پر بازیابی کی درخواست کی سماعت

گھر واپس آنے والا شہری یہ بتانے کی پوزیشن میں ہے اسے کون لے گیا تھا ،جج کا استفسار، شکر ادا کرتے ہیں گھر واپس آگیا ہے مگر وہ کچھ بتانے کی پوزیشن میں نہیں

بدھ 17 اپریل 2024 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) ہائیکورٹ میں سمن آباد کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے شہری کی گھر واپسی پر بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ نہال ہاشمی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ لاپتا شہری محمد علی گھر واپس آگیا ہے۔ عدالت کے اقدامات لائق تحسین ہیں جس وجہ سے لاپتا شہری بازیاب ہوکر واپس آیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ گھر واپس آنے والا شہری یہ بتانے کی پوزیشن میں ہے اسے کون لے گیا تھا نہال ہاشمی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ شکر ادا کرتے ہیں گھر واپس آگیا ہے مگر وہ کچھ بتانے کی پوزیش میں نہیں ہے۔

جسٹس خادم حسین تنیو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہ آپ کو کچھ نہیں بتا سکتا، مگر وفاق میں تو آپ کی حکومت ہے، حکومت پتہ لگا سکتی ہے کون لے گیا تھا درخواستگزار وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ کوئی نامعلوم افراد ہی لے گئے ہوں گے۔

(جاری ہے)

جسٹس خادم حسین تنیو نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی حکومت ہے سب پتہ لگا سکتے ہیں کون لے گیا تھا۔ لیگی رہنما نہال ہاشمی ایڈوکیٹ عدالت سے استفسار پر خاموش ہوگئے۔ عدالت نے سمن آباد کے علاقے سے لاپتا ہونے والے شہری محمد علی کی گھر واپسی پر بازیابی کی درخواست نمٹادی۔ نہال ہاشمی اور ان کے صاحبزادے نصیر ہاشمی لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے کیس میں وکیل کی حیثیت سے پیش ہوئے تھے۔