ضم شدہ اضلاع کو دیگر بندوبستی اضلاع کے ہم پلہ بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،عدنان قادری

بدھ 17 اپریل 2024 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کو دیگر بندوبستی اضلاع کے ہم پلہ بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت نے یہاں ایف سی آر کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرکے جمہوریت کی بحالی کی بنیاد رکھی ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ضلع خیبر اور ضلع مہمند سے آئے وفود سے ملاقات میں کیا۔ضلع مہمند سے آئے وفد کی قیادت حاجی افتخار نے کی جبکہ لنڈیکوتل خیبر سے ملک رزاق آفریدی، ملک خالد آفریدی اور الف یار شینواری سمیت دیگر شخصیات وفد میں شامل تھی. وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقے میں متعلقہ درپیش چیلنجز اور مسائل سے آگاہ کیا.صوبائی وزیر عدنان قادری نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں ترقی کا سفر پاکستان تحریک انصاف نے ہی شروع کیا تھا جس کو آخری نہج تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاق سے بروقت مالی فنڈز کے حصول کے لیے ہماری کوششیں بار آور ثابت ہو چکی ہیں جن کے نتیجے میں ضم اضلاع میں مواصلات، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کی بہتری، تعلیم، سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کریں گی. انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے عموماً خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی میں چیلنجز سامنے آتے ہیں۔صوبائی وزیر نے متعلقہ وفود کو درپیش چیلنجز حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ضلع خیبر اور مہمند کے وفود نے صوبائی وزیر کے عوام دوست رویے کی تعریف بھی کی۔