kسٹی ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی ریسپانس سکواڈ تشکیل دیدیا

۵ سکواڈ کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے کی جائے گی‘ گاڑیوں میں اور اہلکاروں کی باڈی پر کیمرے نصب ہوں گے )ایمرجنسی ریسپانس سکواڈ کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک نظام سے متعلق سہولیات کی فراہمی ہے‘ سی ٹی او سعود خان

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

wپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ایمرجنسی ریسپانس سکواڈ تشکیل دیدیا جو شہر بھر میں پیٹرولنگ کرنے سمیت ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس کریگا۔ چیف ٹریفک آفیسر سعود خان کی ہدایت پر تشکیل کردہ سکواڈ کی گاڑیوں اور اہلکاروں کی باڈی پر کیمرے نصب ہوں گے جس کی نگرانی سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے کی جائے گی جبکہ حادثے کی صورت میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی دی جائیگی اس سلسلے میں سکواڈ میں شامل افسران اور اہلکاروں کو باقاعدہ کٹس بھی فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

اسی طرح رش کی صورت میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے ایمرجنسی ریسپانس سکواڈ کو باقاعدہ اطلاع دی جائیگی تاکہ سکواڈ بروقت پہنچ کر رش پر قابو پائے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر سعود خان نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس سکواڈ کی تشکیل کا مقصد صرف اور صرف شہریوں کو ٹریفک نظام سے متعلق سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو باقاعدہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سمیت شہر میں ٹریفک نظام سے متعلق سوشل میڈیا کے سائٹس پر بھی آگاہی دی جاتی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سکواڈ کی ریسپانس کی باقاعدہ ٹائمنگ ریکارڈ کی جائیگی تاکہ ٹریفک حکام کو آگاہی حاصل ہو کہ مسئلہ کتنے وقت میں حل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور تاجر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کیساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں اور شہر میں کسی بھی جگہ پر نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی نہ کریں اسی طرح تجاوزات سے گریز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی سفری مشکلات درپیش نہ ہوں۔