پنجاب اسمبلی کے ملازم کی مبینہ خودکشی کی کوشش،اسمبلی کی عمارت سے چھلانگ لگا دی

اسسٹنٹ حاجی محمد یوسف سر کے بل زمین پر گرے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شدیدزخمی حاجی یوسف کوفوری طور پرہسپتال منتقل کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 11:31

پنجاب اسمبلی کے ملازم کی مبینہ خودکشی کی کوشش،اسمبلی کی عمارت سے چھلانگ ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) پنجاب اسمبلی کے ملازم نے مبینہ خود کشی کی کوشش کے دوران اسمبلی کی عمارت سے چھلانگ لگا دی،اسسٹنٹ حاجی محمد یوسف سر کے بل زمین پر گرے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اسسٹنٹ حاجی محمد یوسف معمول کے مطابق صبح اپنے دفتر آئے تھے ۔کچھ وقت دفتر میں گزارنے کے بعد اچانک انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت کی چھت سے چھلانگ لگادی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے ۔

اسمبلی ملازمین نے فوری طور پر ریسکیو ادارے کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شدیدزخمی حاجی یوسف کوفوری طور پرہسپتال منتقل کر دیاتاہم چھلانگ لگانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ۔یاد رہے کہ چند عرصہ قبل لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کافی شاپ کی چھت سے لڑکی کے مبینہ طور پرچھت سے کودنے کاواقعہ سامنے آیاتھا۔

(جاری ہے)

منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا کہ لڑکی کافی شاپ میں بیٹھی ہوئی ہے اور اچانک اٹھ کر کھڑکی سے نیچے لٹکی اور پھر پارکنگ میں کھڑی سفید کار پر جاگری تھی۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ بھی سامنے آیاتھا جب کراچی میں فائیو سٹار چورنگی کے قریب نجی مال کی بارہویں منزل سے چھلانگ لگا کر لڑکی نے خودکشی کرلی تھی۔پولیس کے مطابق عمارت سے چھلانگ لگانے والی بیس سالہ اقرا نفسیاتی مریضہ تھی، اور اس کا ہسپتال میں علاج جاری تھا۔اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا تھاکہ اقرا شادمان ٹاوٴن کی رہائشی تھی اور اپنی پھوپھی کے گھر آئی ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی اقرا نے چھ مہینے پہلے شادمان ٹاوٴن میں اپنے گھر کی چھت سے کود کر خودکشی کی کوشش کی تھی، جب کہ اقرا کا ناظم آباد کے اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔