پشاور،شہر میں گداگروں کےخلاف اگلے ہفتے سےآپریشن کاآغاز کردیا جائے گا

جمعرات 18 اپریل 2024 12:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) کمشنر پشاورڈویژن ریاض خان محسودنے کہاکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر پشاور میں گداگروں کے خلاف بھی نشے سے پاک پشاور مہم کی طرز پر فیصلہ کن اپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل پشاور، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کمشنر پشاورڈویژن ریاض خان محسودنے حکمت عملی طے کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ پشاور،پولیس اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو احکامات جاری کردیں۔ فیصلہ کن اپریشن اگلےہفتے سے شروع کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہاکہ پیشہ ور گداگروں کو استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کی فہرست بھی مرتب کرلی گئی ہیں جن کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔گداگروں کے خلاف آپریشن کا آغاز انتخاب کئے گئے 18 ہاٹ اسپاٹس سے شروع کیا جائے گا ،پنجاب اور سندھ سے آئے ہوئے پیشہ ور گداگروں کی خیمہ بستیاں مسمار کرکے گداگروں کو صوبہ بدر کیا جائے گا ۔

محکمہ سوشل ویلفیئر کو گداگروں کےلئے رہائش اور ان کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایات جاری کردیں گئی ہیں۔کم عمر گداگروں بچوں کو فلاحی ادارے زمنگ کور کے حوالے کیا جائے گا جہاں پر ان کی رہائش،خوراک اور تعلیم و تربیت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔گداگروں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے اور ان کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن ٹریننگ اتھارٹی کو دس دس افراد پر مشتمل متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔