ایک دن کے چوزے کی قیمت 60،70 روپے سے بڑھ کر230 روپے ہوگئی، ڈاکٹر سجاد ارشد

جمعرات 18 اپریل 2024 12:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق سنٹرل چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد نے پولٹری کے غیر حقیقی نرخوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک دن کے چوزے کی قیمت 60،70 روپے سے بڑھ کر230 روپے کے قریب ہوگئی ہے جبکہ باقی اخراجات میں اضافہ بھی باعث تشویش ہے لہٰذا گر فوری اقدامات نہ کئے گئے توعوام کو سستی پروٹین مہیا کرنے والا یہ شعبہ تباہ ہو جائے گا جبکہ پولٹری کے نرخوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔

میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پولٹری میڈیسنزکے ریٹ میں بھی400سے500 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ پہلے پولٹری کے ایک شیڈ کا بجلی کا خرچہ ڈیڑھ لاکھ تھا جو اب بڑھ کر 9لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پولٹری فیڈ کے نرخوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے پولٹری شیڈز کی تعداد50فیصد تک کم ہو گئی تھی جس میں برائلرز اور بریڈرز دونوں قسم کے شیڈز شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ مستقل مندے اور اخراجات کے پورا نہ ہونے کی وجہ سے بریڈرز کمپنیاں 150سے کم ہو کر صرف 30رہ گئی ہیں اور اس صورتحال کی وجہ سے50فیصد فارمزنے یہ کام ہی چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو فارمرز 20فارم چلانے کی استعداد رکھتے تھے وہ کیپسٹی کم کر کے اب صرف 10فارم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس جانب فوری توجہ مبذول کرے تاکہ مارکیٹ کاسٹ کے مطابق مناسب نرخوں پر عوام کو سستی پروٹین کی فراہمی کا عمل جاری رکھا جاسکے۔