میپکو کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں،ایک روز میں 144 بجلی چوروں کو57 لاکھ 38ہزار روپے جرمانہ عائد

جمعرات 18 اپریل 2024 12:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ملک بھر کی طرح میپکوریجن میں بھی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ٹیموں نے جمعرات 18 اپریل 2024 ء کو جنوبی پنجاب میں مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 144 صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کر 57 لاکھ 38 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ، ساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ موقع پر وصول کیا گیا،بجلی چوری پر 109 صارفین کے خلاف نئے مقدمات کا اندراج کروایا گیا جبکہ مزکورہ بجلی چوروں میں سے دو کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

جنوبی پنجاب بھر میں ایک روز میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے تین کروڑ 37 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔میپکو ٹیموں نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان اور شجاع آباد میں مستقل نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران انڈسٹریل اسٹیٹ کے مختلف علاقوں سے مستقل نادہندگان کے میٹرز اتار لئے، شجاع آباد کے علاقہ علی پور سادات میں واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک نادہندہ صارف کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

چک 54 ایم علی پور سادات کے رہائشی مستقل نادہندہ صارف محمد قاسم کے ذمہ 22 لاکھ 58 ہزار روپے کے واجبات ہیں،جس نے 67 ماہ سے واجبات ادا نہیں کئے جس کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی گئی۔ علی پور سادات میں ایک مستقل نادہندہ صارف نے 14 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پرپانچ لاکھ روپے کا چیک دیکر بقایا واجبات جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ملتان اور رحیم یار خان میں آٹھ لاکھ 40 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر دو زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر کے ان کے ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے۔ بہاولپور سرکل کے ہیڈ راجکاں، سیٹلائٹ ٹاؤن، احمد پور شرقیہ میں چار صارفین کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا اور سول لائنز سب ڈویژن ساہیوال کی ٹیم نے واجبات کی عدم ادائیگی پر چار نادہندگان کے میٹرز اتار لئے ہیں۔

ساہیوال کی احمد یار سب ڈویژن کی ٹیم نے دو، رورل چیچہ وطنی نے ایک، سٹی ساہیوال نے ایک صارف کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کر جرمانہ عائد کیا۔میپکو فاضل پور سب ڈویژن کی ٹیم نے پانچ افراد کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کر جرمانے عائد کیے جبکہ ایک بجلی چور کو موقع سے گرفتار کر لیا۔