امریکی سفارت خانے کی سیکنڈ سیکرٹری کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ

جمعرات 18 اپریل 2024 14:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) اسلام آبادمیں امریکی سفارت خانے کی سیکنڈ سیکرٹری سپینسر سیلیبر نے جمعرات کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ کیا اور چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد سے ملاقات کی۔ترجمان چائلڈپروٹیکشن بیوروکے مطابق چیئرپرسن سارہ احمد نے سیکنڈ سیکرٹری یو ایس ایمبیسی سپینسر سیلیبر کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سپینسر سیلیبر نے چیئرپرسن سارہ احمد کو ویمن آف کریج کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر چئیرپرسن سارہ احمد نے بچوں کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔سارہ احمد نے امریکی حکومت کی مختلف سیکٹرز میں پاکستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران بچوں کے حقوق کے تحفظ اور جبری مشقت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ سپینسر سیلیبر نے چئیرپرسن سارہ احمد کی خدمات اور بچوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کوسراہا۔ سپینسر سیلیبر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بچوں کیلئے خدمات کی تعریف کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔