ڈی پی او کوہستان اپرمحمد صدیق کی پولیس افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ، فرائض کی سرانجام دہی میں میرٹ کو اپنانے کی ہدایت

جمعرات 18 اپریل 2024 14:36

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈی پی او کوہستان اپر محمد صدیق نے پولیس افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مسعود خان، جملہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ ڈی پی او اپر کوہستان نے ضلع بھر کی حدود اور کرائم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او اپر کوہستان محمد صدیق نے افسران پولیس کو ہدایت کی کہ تمام افسران فرائض کی سرانجام دہی کے دوران میرٹ کو اپنا طرہ امتیاز بنائیں، عوام کے جان و مال اور بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کریں، اپنے علاقہ حدود اختیار میں عوام کیلئے تمام ممکنہ آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں، جرائم کے خاتمہ کیلئے محنت اور لگن سے کام کریں اور عادی جرائم پیشہ افراد کو وقتاً فوقتاً َسخت پابند ضمانت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپر کوہستان میں جاری ہربن بھاشا اور داسو ڈیم پراجیکٹس پر کام کرنے والے فارنرز کی سیکورٹی ہماری اولین ترجیحات ہیں جن کو سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، مجرمان اشتہاریوں، عادی و جرائم پیشہ افراد سمیت منشیات فروشوں کے خلاف بلاتفریق قانون کے تحت سخت سے سخت کاروائیاں عمل میں لائیں اور کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتیں، تھانہ جات کے ماحول کو بہتر کریں، تھانوں کے ریکارڈ کو مرتب رکھیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

سرکل ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز حالیہ ایس ایس سی کے تمام ایکزامینیشن سنٹرز کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، کمیلہ و داسو کے تمام ہوٹلز اور پلازوں کے انٹری رجسٹرز چیک کریں اور امتحانات کے لئے آئے ہوئے طلباءکی نگرانی کریں، جرائم کی بیخ کنی کیلئے تھانہ جات کی حدود میں پولیس موبائل گشت اور ناکہ بندیوں کو مزید منظم و موثر بنائیں خاص کر اپر کوہستان کی تمام انٹری پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو چوکس کریں، دوران ڈیوٹی موبائل فونز کے استعمال پر پابندی اور ہر آنے جانے والے مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھیں، تھانہ جات میں پبلک کے ساتھ اچھے اخلاق اور رویہ سے پیش آئیں اور پبلک کمپلین پر قانون کے مطابق فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور محکمانہ وقار میں اضافہ کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام افسران پولیس ایک ٹیم کی طرح کام کریں۔