Live Updates

پنجاب میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی، 22اپریل سے آگاہی مہم کا آغاز

دکاندار سمیت تمام لوگ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنیکی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں‘مریم اورنگزیب عوام خود کو کینسر سے بچانے کیلئے گھروں میں پلاسٹک اشیا اور برتن بھی استعمال نہ کریں‘ سینئر صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 18 اپریل 2024 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی منظوری دیدی۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں 5جون سے صوبے بھر میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 22اپریل کو ’’ارتھ ڈے ‘‘منایا جائے گا، ’’پلاسٹک کو ناں ‘‘مہم کا آغاز ہو گا، پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائیں گے، پلاسٹک تھیلوں پر پابندی کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے بھی منظوری دے دی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام خود کو کینسر سے بچانے کیلئے پلاسٹک بیگ استعمال نہ کریں، عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے استعمال کریں، دکاندار سمیت تمام لوگ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنیکی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گھروں میں پلاسٹک اشیا اور برتن بھی استعمال نہ کریں، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ متعلقہ حکام پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس ہوں گی جس میں انسانی صحت کو پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا، ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔واضح رہے پلاسٹک کے تھیلے یا پولیتھین بیگ کو عالمی سطح پر ناقابل استعمال قرار دیا جا چکا ہے کیونکہ یہ انسان میں کینسر اور دیگر موذی امراض کا موجب ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات