خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

جمعرات 18 اپریل 2024 17:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 8 باجوڑ ، این اے 44 ڈیرہ اسمٰعیل خان، اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ میں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار سے زائد ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 99 ہزار 739 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 72 ہزار 216 ہے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 139 پولنگ اسٹیشن کو زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی آدھی رات کو اختتام پذیر ہوگی، این اے 8 باجوڑ میں سات، این اے 44 ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 19 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پی کے 22 کوہاٹ میں 13 اور پی کے 91 باجوڑ میں 10 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ بتایاگیا کہ سیکیورٹی کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جا رہے ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔