Live Updates

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت روٹی و نان کی قیمتوں کے اطلاق ،ستھرا پنجاب کے حوالے سے اہم اجلاس

روٹی و نان کی قیمتوں کیخلاف ورزی پر 146مقدمات ،72افراد گرفتار، 12لاکھ 28ہزار روپے کے جرمانے اور6شاپس سیل

جمعرات 18 اپریل 2024 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیرِاعلی پنجاب کی ہدایت پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت روٹی و نان کی قیمتوں کے اطلاق اور ستھرا پنجاب کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور نے احکامات جاری کیے کہ روٹی و نان کی مجوزہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر جتنی ایف آئی آرز درج کی جائیں اتنی ہی گرفتاریاں بھی ہونی چاہئیں۔

کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ روٹی و نان کی قیمتوں کیخلاف ورزی پر 146مقدمات درج کر کے 72افراد کو گرفتار، 12لاکھ 28ہزار روپے کے جرمانے اور6شاپس کو سیل کیا جاچکا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دئیے گئے ریلیف کے ثمرات شہریوں تک پہنچانے کیلئے کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلا س میں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے کوڑا پھینکنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے وہاں پر خوبصورت گرین بیلٹس بنائی جائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ شہر میں واسا کے زیرِانتظام تمام ڈرینز کے گرد ایل ڈبلیو ایم سی نے کنٹینرز رکھ دئیے ہیں۔ ڈرینز کے گرد کنٹینرز رکھے جانے سے ڈرینز میں کوڑا پھینکنے میں کمی ہوگی اور اس ضمن میں شہریوں کو بھی ذمہ داری نبھانے کی آگاہی دی جائے۔کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شنگھائی ڈرین کی صفائی کیلئے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی ا ور کینٹ جوائنٹ آپریشن کررہے ہیں۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی، ریلوے، کینٹ اور والٹن ایریاز میں صفائی کے حوالے سے جوائنٹ حکمت عملی بہترین ثابت ہورہی ہے۔ ریلوے نے ریلوے ٹریک کے قریب ایل ڈبلیو ایم سی کیساتھ ڈمپنگ سائٹ بنانے کا کام شروع کردیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں کے کوڑا کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے اورغیر منظورشدہ جگہوں پر کوڑا پھینکنے پر گرفتاریاں اورخبردار کرنے کے باوجود صاف جگہوں پر کوڑا پھینکنے والوں کیخلاف مقدمات کا اندراج کریں۔

کمشنر لاہور نے ہدایات دیں کہ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی کے نئے سیٹ اپ میں تمام وسائل کو انٹیگریڈ کرکے جامع پلان بنائے۔کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ صفائی وزیر ِاعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید رشید چوہان، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین، ڈی ایم ڈی واسا عبداللطیف، ایم ڈی واسا غفران احمد، ڈائریکٹر ریلوے ڈاکٹر صائمہ سمیت ڈپٹی سی ای او والٹن محمد ادریس، اے سی آر اظہارالحق باجوہ، اے ڈی سی جی لاہور، ڈپٹی سی ای اوز ایل ڈبلیو ایم سی، ڈائریکٹرز واسا اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈی سیزبذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات