رواں مالی سال تجارتی خسارہ میں 24 فیصدکی نمایاں کمی، برآمدات میں 9 فیصد اضافہ،درآمدات میں 8 فیصدکی کمی

جمعرات 18 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر24 فیصدکی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے دوران پاکستانی برآمدات میں 9 فیصد کی نمو اوردرآمدات میں 8 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے9 ماہ میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 17.14 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارہ کاحجم 22.68 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

مارچ 2024 میں تجارتی خسارہ کاحجم 2.301 ارب ڈالررہا جوگزشتہ سال مارچ کے 1.38 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 66 فیصدزیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9فیصدکی نموہوئی، جولائی 2023 سے لیکرمارچ 2024 تک کی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 22.93 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 21.036 ارب ڈالرتھا۔مارچ میں برآمدات سے ملک کو 2.572 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 9 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں پاکستانی برآمدات کاحجم 2.367 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصدکی کمی ہوئی، جولائی 2023 سے لیکرمارچ 2024 تک کی مدت میں ملکی درآمدات کاحجم 40.072 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 43.72 ارب ڈالرتھا، مارچ میں درآمدات پر4.87ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 30 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں درآمدات پر3.75 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔