ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے تحت نئے بیچ کیلئے آن لائن اور آن کیمپس کلاسز کا آغاز ہو گیا

جمعرات 18 اپریل 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس کی جانب سے نوجوانوں کو باعزت آن لائن روزگار فراہم کرنے کیلئے ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے تحت نئے بیچ کیلئے آن لائن اور آن کیمپس کلاسز کا آغاز ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق آن کیمپس ٹریننگ کیلئے درخواست دینے والے امیدوار اپنے مقرر کردہ سینٹرز میں کلاسز لے سکیں گے جبکہ آن لائن ٹریننگ کیلئے درخواست دہندہ کو ای میل کے ذریعے فیس بک گروپس اور زوم رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔

ترجمان کیمطابق ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے تحت پنجاب ڈومیسائل رکھنے والے بے روزگار نوجوان7 مختلف شعبوں بشمول ٹیکنیکل، کانٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ، کری ایٹو ڈیزائن، ای کامرس و دیگر میں3 ماہ کی مفت تربیت حاصل کر سکیں گے ۔ ترجمان کے مطابق فی الوقت پنجاب کے 36 اضلاع میں 45 ای روزگار سینٹرز فعال اور اب تک 60 ہزار سے زائد طلبہ تربیت مکمل کر کے انٹرنیٹ سے 8 ارب روپے سے زائد زرمبادلہ کما چکے ہیں، جن میں خواتین کی شرح 57 فیصد ہے۔