اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کی کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت ، قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

جمعرات 18 اپریل 2024 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اہلکاروں پر نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جمعرات کو اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں چار کسٹم اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیاں ملک کے خلاف گھناؤنی شازش ہے۔بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔