آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات کے پیش نظر صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری

جمعہ 19 اپریل 2024 01:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے آج20 اپریل سے 21 اپریل تک پنجاب میں آندھی جھکڑ چلنے ، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے امکانات کے پیش نظر صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، شہری احتیاط کریں، بجلی کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، آسمانی بجلی سے بچائو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز اور گاڑی آہستہ چلائیں۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی بارشوں کا سامنا ہے، شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔