اقوام متحدہ کے سربراہ نے خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا

جنگ بندی مشرق وسطی میں کشیدگی کی فضا کو کافی حد تک کم کرنے کیلئے مددگار ثابت ہوگی،بیان

جمعہ 19 اپریل 2024 13:15

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پٹی میں جاری جنگ انسانیت کے لیے جہنم سے کم نہیں، غزہ پٹی پر مشتمل خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کا خطہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، وہاں جاری کشیدگی کو روکنا ناگزیر ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی میں جنگ بندی مشرق وسطی میں کشیدگی کی فضا کو کافی حد تک کم کرنے کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں جاری جنگ کے باعث امدادی ادارے کام کرنے سے قاصر ہیں۔خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور شہدا میں 14 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں جبکہ زخمی بچوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔