اسپیکر نے معطل ارکان کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، شیرافضل مروت

پہلے ہماری پارٹی توڑنے کی کوشش کی گئی، بلے کا نشان لیا گیا، پھر ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا گیا اور کاغذات چھینے گئے، رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 19 اپریل 2024 17:51

اسپیکر نے معطل ارکان کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، شیرافضل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سنی اتحاد کونسل کے معطل ارکان کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں خواتین کے حوالے سے غلط اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا ٹریژری بینچز کی جانب سے، دو مواقع پر انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ممبران اسمبلی پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی،اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بیچ بچاؤ کروایا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے دو ممبران کی رواں سیشن کے لیے ممبر شپ معطل کی، ممبرشپ ملتوی کرنے کی وجہ صدر کے خطاب کے دوران نازیبا زبان کا استعمال بتائی گئی۔

(جاری ہے)

شیر افضل مروت کے مطابق اسپیکر صاحب نے کہا ہے کہ میں ان کو بھی دیکھوں گا کہ کیا ان کا رویہ غیر مناسب تھا اسپیکر سے گفت و شنید کے بعد انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ آج کی رولنگ پر نظر ثانی کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے ہماری پارٹی توڑنے کی کوشش کی گئی، بلے کا نشان لیا گیا، پھر ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا گیا اور کاغذات چھینے گئے۔شیر افضل مروت نے شکوہ کیا کہ ہماری مخصوص نشستوں کو بھی چھینا گیا ہے۔