Live Updates

حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے پر عزم ہے، صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندرحیات

جمعہ 19 اپریل 2024 19:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے پر عزم ہے، سکولوں میں ریشنلائزیشن کے بعد خالی پوسٹوں پر بھرتی کا میکنزم وضع کیا جائے گا، ایجوکیشن اتھارٹی اساتذہ کرام کی پروموشن کا نظام آسان کرے اور ترقیوں کے عمل میں پرفارمنس کو بھی بنیاد بنایا جائے، یہ ہدایات انہوں نے ڈی سی کمپلکس میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، سابق صوبائی وزیر و رکن اسمبلی منشا اللہ بٹ، ارکان پنجاب اسمبلی فیصل اکرام، شکیلہ جاوید آرتھر بھی موجود تھے، سی ای او جاوید اقبال نے بریفنگ دی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، ہیڈ ٹیچرز اور ٹیچرز یونین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ ضلع سیالکوٹ کے 1790سرکاری سکولوں میں 2لاکھ23ہزار964طالبات، 1لاکھ81ہزار 186ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں، 12618اساتذہ کرام تعینات ہیں جبکہ رواں سال 41435سٹوڈنٹس کی انرولمنٹ کی گئی ہے، نان فارمل سکولوں کے طلبہ و طالبات کو یونیفارم کی سپلائی کیلئے آرڈر دیدیا گیا ہے190ٹیچرز کی پرموشن کیلئے تمام کاروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ صوبہ بھر میں سرکاری سکولوں سے لاکھوں بوگس سٹوڈنٹس انرول تھے جنکی انرولمنٹ ختم کر دی گئی ہے، دور دراز علاقوں میں سکولوں میں تعینات ٹیچرز کے لئے اضافی سہولیات کی پالیسی وضع کرنے کیلئے کام جاری ہے، حکومت پنجاب کی موٹر سائیکل سکیم میں بھی ان ٹیچرز کو اضافی پوائنٹس دینے کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں، دیہی سکولوں میں درجہ چہارم سٹاف متعلقہ دیہات سے ہی بھرتی کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے باقاعدہ میکنزم وضع کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پیفما سمیت پرائیویٹ پارٹنرز کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں کے حوالے سے ارکان اسمبلی سے فیڈ بیک لیا جائے گا اور اسکی روشنی میں مستقبل کے فیصلے کئے جائیں گے، ایجوکیشن اتھارٹی ادغام کے بعد سکولوں کی خالی عمارتوں کے موزوں ا ستعمال کی پالیسی بنائے، جن سکولوں کی عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے انکا از سر نو جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے ضلع سیالکوٹ میں 132ملین روپے لاگت سے 12سکولوں میں اضافی بلاکس کی تعمیر، 49سکولوں میں واش رومز کی تعمیر، یونیورسٹی آف سیالکوٹ اورچیمبر آف کامرس کے تعاون سے کوچنگ سنٹرز کے قیام،75 کمپوٹر و سائنس لیبز کے قیام کے منصوبوں کو زبردست سراہا اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے زیر انتظام امتحانات میں سرکاری سکولوں کی نمایاں پرفارمنس پر سی ای او ایجوکیشن اور انکی ٹیم کو شاباش دی۔سابق صوبائی وزیر منشا اللہ بٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کی کارکردگی کا دارومدار اساتذہ کرام کی پرفارمنس پر ہے، حکومت پنجاب ہر سطح پر ٹیچرز کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات