سابق صدر بہاولپورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی اور شرح نمو 3 فیصد رہنے کی پیشنگوئی کو حقائق کے منافی قرار دیدیا

جمعہ 19 اپریل 2024 20:22

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) سابق صدر بہاولپورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ عباس رضا نے آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی اور شرح نمو 3فیصد رہنے کی پیشنگوئی کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے اب تک جتنے بھی پروگرام کے تحت ملک نے قرض حاصل کئے ان کے فوراً بعد آئی ایم ایف کے اہداف اور شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں وقتاً فوقتا ہوشربا اضافے ہوتے رہے ہیں اور ان کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستانی عوام پر نت نئے ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کبھی بھی ملک میں خوشحالی نہیں لایا بلکہ پاکستان قرضوں کے نہ ختم ہونے والے جال میں مزید جکڑتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی گیس، پٹرول، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی معیشت کے پاؤں لڑکھڑار ہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے نئے قرضوں کے پروگرام کے بعد ان کی نئی شرائط پر ایک بار پھر ٹیکسوں کی بھر مار اور بجلی،گیس، پٹرول مہنگا ہوجائے گا جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔

اگرچہ اچھی معیشت ہر ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے اور دنیا کے ترقی پذیر ممالک بھی سخت ترین معاشی بحرانوں کی زد میں آئے ہوئے ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ سیاسی استحکام، معاشی استحکام لاتا ہے اس لیے حکومت قانون پر عملدرآمد کرتے ہوئے سیاسی استحکا م کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت کی بہتری کیلئے ایک پلیٹ فارم پر لائے اور یکسوئی کے ساتھ معیشت کی بہتری کیلئے قرضوں پر انحصا رکم کرکے ملکی انڈسٹریز کو سہولیات دے کرغیر ملکی سرمایہ کاری اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملکی معیشت کو مستحکم بنائے۔