ضمنی انتخابات کے لئے جاری انتخابی مہم اختتام پذیر

الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر؛سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا

جمعہ 19 اپریل 2024 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) ضمنی انتخابات کے لئے جاری انتخابی مہم اختتام پذیر.الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر؛سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا. ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 21 اپریل2024ئ کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ2017 کی سیکشن182 کے مطابق 19 اپریل کی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ترجمان کے مطابق مذکورہ بالا وقت کے بعد سیاسی مہم، اشتہارات و دیگر تحریری مواد جس سے کسی خاص سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہو، کی الیکٹراننگ اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر پابندی ہے ترجمان کے مطابق میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گذرنے کے بعد انتخابی نتائج نشر کر سکتا ہے جس میں واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج ہیں… اعجاز خان