سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 کلو چرس، 500 گرام ہیروئن، دیسی شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا

جمعہ 19 اپریل 2024 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران مزید 4 منشیات فروش گرفتار کر لئے گئے ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 کلو چرس، 500 گرام ہیروئن، دیسی شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

کراچی میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کورنگی کی ٹیم نے خالد بن ولید روڈ پر ایمان بلیسنگس بلڈنگ میں کاروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت خالق نور کے نام سے ہوئی جو ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے ۔ ملزم کے قبضے ست 5 کلو 80 گرام چرس اور 2 ایس ایم جی رائیفل، 2 لوڈڈ میگزین، 10 رانڈ برآمد کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

روہڑی میں ایکسائز ٹیم نے کارروائی کرتیہوئے ایک ملزم شیر محمد عرف شیرو بندھانی کو گرفتار کر لیا ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن برآمد کر لی ہے۔

نوابشاہ میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیم نے چھاپہ مار کر ایک ملزم وقار رند 29 لٹر دیسی شراب ، جبکہ سکرنڈ میں ملزم رامچند کو 20 لٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز، ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ما س ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ منشیات سے پاک مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، منشیات فروش معاشرے کے لئے ناسور ہیں، ان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش کسی نرمی کی توقع نہ رکھیں، حکومت قانون کی بھرپور طاقت سے ان کو گرفت میں لائے گی۔