oمعاشی استحکام کیلئے صدر مملکت سب کو دعوت دیں ‘ فائق شاہ

ق*تمام پارٹیاں ملکر پانچ سال پاکستان اور عوام کو دے دیں، چیئرمین امن ترقی پارٹی

جمعہ 19 اپریل 2024 20:35

uپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر زرداری صرف بات نہیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اتحاد کی دعوت دیتے بلکہ مشترکہ کانفرنس کی تاریخ دینی چاہئے تھی، جس کا ایجنڈا معیشت، استحکام اور یکجہتی ہوتا، انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وقت کم اور مقابلہ سخت ہے، سب مل کر پانچ سال پاکستان اور عوام کو دے دیں، ذاتی مفادات، خاندان پروری، اور عیاشیاں چھوڑ کر اپنے اپنے تمام اثاثے پاکستان لائیں یہاں انوسٹ کریں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو، بیرون ملک علاج، کاروبار اور عیاشیاں ختم کروائی جائیں بیورو کریٹ، سیاستدان اور عوامی نمائندے پاکستان میں جینا مرنا سیکھیں گے تو تمام پاکستانی مل کر ریاست اور نظام حکومت کو مضبوط بنائینگے ، خوشحالی آئے گی، انہوں نے کہا کہ معیشت اور معاشرت کو بگاڑنے میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے کوئی موقع نہیں چھوڑا اب انہیں کفارہ ادا کرنا ھوگا، قربانی دینی ہوگی، تاکہ حالات استحکام کی طرف آ سکیں، وزیر اعظم سرخ فیتے کو رو رہے ہیں، یہ سرخ فیتہ سیاستدانوں نے ہی کھڑا کیا ہے بیوروکریسی کو ذاتی منفعت کیلئے استعمال کیا، اب ان کے منہ کو لگا ہوا خون صاف کرنا مشکل ہو رہا ہے، قانون کے ذریعے اصلاحات لائی جائیں اور مجرموں کا محاسبہ کیا جائے تاکہ سزا و جزا کا تصور واضع ہو، ہر ادارے کو ٹاسک دیں تاکہ کامیابی کی طرف بڑھا جا سکے صدر تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور عوامی، کاروباری طبقات اور ماہرین کو دعوت دیں تاکہ مشترکہ طور پر پالیساں بنائی جائیں ان پر چیک اینڈ بیلنس ہو اور نتائج حاصل کئے جائیں، امن ترقی پارٹی پاکستان اور عوام کیلئے ہر قربانی دے گی۔