سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں تیزی لانے میں پرعزم ہیں، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے نئے معاہدے کیلئے پاکستان چین کی حمایت کا منتظر ہے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب

ہفتہ 20 اپریل 2024 02:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں تیزی لانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے نئے معاہدے کیلئے پاکستان چین کی حمایت کا منتظر ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں واشنگٹن ڈی سی میں چین کے وزیرخزانہ لان فوان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں چینی شہریوں کے خلاف دہشت گرد کی کے حملے پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر قسم کے انتظامات کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے اقدامات اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں تعاون کے ذریعے سدابہاردوست کے طور پر پاکستان کی ترقی میں چین کی انمول شراکت لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سی پیک کا پہلا مرحلہ بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر سے جبکہ دوسرا مرحلہ خصوصی اقتصادی زونز کے آپریشنلائزیشن اور چینی نجی ملکیتی کمپنیوں کی منتقلی کے ذریعے اثاثوں کو مونیٹائز کرنے کے بارے میں ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تیزی لانے کے لیے حکومت پرعزم ہے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین کے وزیر خزانہ کا سیف ڈپازٹس اور بیرونی فنانسنگ کے خلا کو پورا کرنے کے لیے بھی چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ نئے توسیعی پروگرام میں داخل ہو رہا ہے اور اس ضمن میں چین کی حمایت کا منتظر ہے۔

انہوں نے چینی وزیر خزانہ کو حکومت کی ترجیحات پر بریفنگ بھی دی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان مالی سال 26-2025 کے دوران چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنا چاہتا ہے۔ فریقین نے دونوں ممالک کی جانب سے بین الاقوامی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔