شعیب اختر نے اپنی مالی کامیابی کا راز بتا دیا

ابتدائی طور پر اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھوٹی چھوٹی زمینیں خریدنا شروع کیں، مجھے علم تھا کہ آنیوالے برسوں میں یہ علاقے قائم ہونا شروع ہو جائیںگے، اب تمام زمینوں کی قیمت کروڑوں روپے ہے : سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2024 13:43

شعیب اختر نے اپنی مالی کامیابی کا راز بتا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2024ء ) بین الاقوامی شہرت یافتہ مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے اپنی مالی کامیابی کا راز فاش کیا ہے۔ حال ہی میں ایک شو میں انہوں نے اربوں کمانے کا اپنا اسمارٹ طریقہ شیئر کیا۔ اپنی کاروباری حکمت عملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 48 سالہ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں نے ابتدائی طور پر اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھوٹی چھوٹی زمینیں خریدنا شروع کیں، اس وقت لوگ مجھے تنقید کا نشانہ بناتے تھے اور کہتے تھے کہ آپ ہمیشہ یہ پلاٹ کیوں خریدتے ہیں لیکن مجھے معلوم تھا کہ آنے والے برسوں میں یہ علاقے قائم ہونا شروع ہو جائیں گے۔

میں نے کئی عظیم کرکٹرز کو بھی زمین خریدنے کا مشورہ دیا، لیکن انہوں نے میری بات نہیں سنی، اب تمام زمینوں کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے ٹیسٹ کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کو بھی یہی مشورہ دیا کہ وہ صوابی کے مضافات میں زمین خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں کھلاڑیوں کو ایک ایسا کاروباری منصوبہ دیتا ہوں، جس کے ذریعے وہ کیریئر ختم کرنے کے بعد مالی استحکام حاصل کرسکتے ہیں‘۔ سوشل میڈیا صارفین شعیب اختر کے کاروباری نقطہ نظر اور بڑے شہروں میں جائیدادیں بنانے کے ان کے سمارٹ انداز سے متاثر ہیں۔ اور انہوں نے اپنے کمنٹس کے ذریعے ان کی تعریف بھی کی اور انہیں اچھے کرکٹر کے ساتھ ایک اچھا بزنس مین بھی قرار دیا۔