پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے نائب کپتان کا نام سامنے آ گیا

محمد رضوان کو قومی ٹیم میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ، حتمی اعلان جلد متوقع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2024 17:39

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے نائب کپتان کا نام سامنے آ گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2024ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے نائب کپتان کا نام سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان قومی T20I ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انہیں نائب کپتان مقرر کرنے کا امکان ہے۔ گزشتہ سال جب شاہین آفریدی کو کپتان نامزد کیا گیا تھا تو رضوان نائب کپتان بھی تھے۔

تاہم، پی سی بی نے حال ہی میں بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کے کپتان کے طور پر بحال کرنے کے بعد نائب کپتان کے اعلان میں تاخیر کی۔ رضوان نے پاکستان کے لیے 91 ٹی ٹوئنٹی میں 127.55 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2981 رنز بنائے ہیں۔ رضوان جو اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں کو بطور نائب کپتان مقرر کرنے کے فیصلے کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، اس سال کے آخر میں ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی اسائنمنٹس کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ میچز کے لیے 17 سے 18 ارکان کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم مئی ہے لیکن تبدیلیاں اگلے ماہ کی 25 تاریخ تک کی جا سکتی ہیں۔

اس کے بعد ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظوری درکار ہوگی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے لیے مختصر کیمپ کا بھی امکان ہے۔ پاکستانی ٹیم آئندہ ماہ آئرلینڈ کے خلاف تین اور انگلینڈ کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز ہوم سے باہر کھیلے گی۔ انگلینڈ سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی اسکواڈ امریکا روانہ ہوگا۔ پاکستان مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان بھی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد کیا جائے گا۔