جے یو آئی نے سندھ میں بدامنی اور کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی کرنے کا الزام سندھ حکومت پر عائد کردیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:13

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) جے یو آئی نے سندھ میں بدامنی اور کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی کرنے کا الزام سندھ حکومت پر عائد کردیا، صوبائی مشیر کی گاڑی سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت خود بدامنی میں ملوث اور کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کار ہے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں صوبائی مشیر کی گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے سے ثابت ہوچکا ہے کہ سندھ حکومت میں شامل وزراء اور منتخب نمائندے ہی سندھ میں بدامنی کے ذمہ دار اور کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار ہیں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی روز اول سے کہہ رہی ہے کہ سندھ کے کچے میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکوؤں کی سرپرستی کون کررہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیکب آباد سے برآمد ہونے والے اسلحہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور اصل کرداروں کو ظاہر کرکے قانون کے حوالے کیا جائے۔