ضمنی الیکشن کیلئے 100پولنگ سٹیشنزقائم کئے گئے ،93جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:10

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 20خضدارتھری پرضمنی الیکشن آج 21اپریل کو ہونا ہے۔ضمنی الیکشن کے لئے کل 100پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے ہیں جن میں 93جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ان پولنگ اسٹیشنز میں ٹوٹل 301پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ان میں سے 160پولنگ بوتھ مرد اور141بوتھز خواتین کے لئے ہیں۔

پی بی 20خضدار تھر وڈھ حلقے میں کل 93ہزار4سو25رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔جن میں سے 52ہزار 7سو77مرد ووٹرز اور 40ہزار6سو48خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ پی بی 20 پر کل سات امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ بی این پی کے امیدوار میر جہانزیب مینگل اور جھالاوان عوامی پینل کے امیدوار میر شفیق الرحمن مینگل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

بی این پی کے امیدوار میر جہانزیب مینگل کو جمعیت علمائے اسلام اور پیپلز پارٹی کی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے جب کہ جھالاوان عوامی پینل کے امیدوار میر شفیق الرحمن مینگل کو مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلام کی حمایت حاصل ہے۔

8فروری کو اس نشست سے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی انہوں نے 28ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے بعد ازاں اس نشست کو چھوڑ کر قومی اسمبلی کی نشست سے حلف اٹھالیا تھا۔ 21اپریل کو وڈھ پی بی 20خضدار تھری نشست کو حساس قرار دیکر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، انتخابی عملہ جمعہ اور ہفتے کو اپنے الاٹ شدہ پولنگ اسٹیشنز پر بمع انتخابی سامان کے پہنچ چکے ہیں اور بعض انتخابی عملہ پہنچ رہے ہیں۔