جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ عہدہ کا حلف اٹھا لیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 23:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) گورنر ہاؤس پشاور میں نوتعینات چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔جس میں جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا،گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے پروقار تقریب حلف برداری میں جسٹس اشتیاق ابراہیم سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ انکیعہدے کاحلف لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کو نئی زمہداریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، تقریب میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سردار علی آمین خان گنڈا پور بھی شریک تھے، تقریب میں سیکرٹری قانون نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تقرری کا صدارتی اعلامیہ پڑھ کر سنایا، تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے معزز ججز کرام جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس اطہر من اللہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز صاحبان جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اورجسٹس ارباب محمد طاہر نے خصوصی دعوت پر شرکت کی، جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے معزز ججزصاحبان جسٹس اعجاز انور، جسٹس سید محمد عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد، جسٹس سید ارشد علی، جسٹس صاحبزادہ اسداللہ، جسٹس محمد نعیم انور، جسٹس وقار احمد، جسٹس کامران حیات میاں خیل، جسٹس اعجاز خان، جسٹس محمد فہیم ولی، جسٹس فضل سبحان، جسٹس شاہد خان اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال، سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس (ر) محمد ابرہیم خان سمیت دیگر سابق ججز صاحبان، پشاور ہائیکورٹ بار کے وکلائ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان، سیکرٹری محکمہ ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان بھی تقریب میں شریک تھے، تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا تقریب میں شریک تمام مہمانوں سے فردا فردا مصاحفہ کیا اور تقریب میں شرکت اور مبارکباد پیش کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔